متاثرین/بچ جانے والوں کی مدد
میں گھر یا خاندان میں ہونے والے تشدد کے شکار کسی شخص کی مدد کیسے کر سکتا ہوں؟
گھر اور خاندان میں تشدد عام ہے – ہر تین میں سے ایک خاتون اپنی زندگی میں گھر یا خاندان میں ہونے والے تشدد کا شکار ہوتی ہے۔ اس سلسلے میں مدد کرنے کے لیے آپ بعض عملی اقدامات کر سکتے ہیں۔
مجھے کس چیز سے ہوشیار رہنا ہو گا؟
کچھ ایسے رویے اور ایسی علامات ہیں جو گھر اور خاندان میں ہونے والے تشدد کے شکار سب لوگوں میں پائے جاتے ہیں۔
پو سکتا ہے کہ گھر اور خاندان میں ہونے والے تشدد کے شکار لوگ:
-
بغیر کسی واضح وجہ کے گھر سے نکلنا چھوڑ دیں جب ان سے پوچھا جائے تو وہ کہتے ہیں کہ انہیں اجازت نہیں۔
-
بغیر کسی واضح وجہ کے پریشان، رنجیدہ، تھکے ہوئے یا رو دینے کو تیار نظر آئیں۔
-
اپنے ساتھی کی موجودگی میں خوفزدہ، چوکنے، اپنے آپ پر نکتہ چینی کرنے والے یا خجل نظر آئیں یا ان کا ساتھی ان سے گستاخی یا بدخوئی سے پیش آئے۔
-
ہسپتال میں داخل ہوں یا ایسی چوٹوں کا شکار ہوں جن سے آپ کے دل میں شکوک و شبہات جنم لیں۔
-
اپنے آنے جانے یا اخراجات کی وضاحت کرتے پھریں۔
-
یہ کہیں کہ ان کا پیچھا کیا جا رہا ہے، ان پر نظر رکھی جا رہی ہے، ان کی خبر رکھی جاتی ہے یا ان پر اختیار چلایا جا رہا ہے۔
اگر آپ اس کے بارے میں مزید جاننا چاہتے ہیں تو براہ مہربانی ملاحظہ کریں گھر اور خاندان میں ہونے والا تشدد کیا ہے؟
پوچھنا
اور آخر میں اس چیز کی تصدیق کرنے کے لیے کہ واقعی کوئی مسئلہ ہے ایک ہی طریقہ ہے کہ متعلقہ شخص سے پوچھا جائے کہ ہو کیا رہا ہے۔
یقیناً یہ ایک مشکل مرحلہ ہو سکتا ہے۔
رشتہ دار یا دوست نرمی سے براہ راست پوچھنے کی کوشش کر سکتے ہیں جیسا کہ:
-
گھر پر سب ٹھیک ٹھاک تو ہے ناں؟
-
یہ نیل کیسے ہیں، کیا کسی نے تمہارے ساتھ کچھ کیا ہے؟
-
لگتا ہے تم اپنے ساتھی سے خوفزدہ ہو، سب کچھ ٹھیک ٹھاک تو ہے ناں؟
-
تم ٹھیک تو ہو ناں؟
ان کی بات کو سننے کے لیے تیار رہیں اور اپنے دوست یا رشتہ دار کو تنہائی میں بات کرنے کا موقع دیں، لیکن اس پر دباؤ نہیں ڈالیں، اس پر جرح مت کریں۔ دباؤ ڈالنے سے یا جرح کرنے سے آپ کا دوست یا رشتہ دار آپ سے مزید دور ہو سکتا ہے۔
کیا کرنا چاہیئے
بد سلوکی کے متعلق بات کرنے کے لیے حوصلہ چاہیئے۔ متاثرین/بچ جانے والوں میں سے اکثر کو یہ اندیشہ ہوتا ہے کہ لوگ ان کا یقین نہیں کریں گے۔ اگر کوئی آپ کو بتاتا ہے کہ اس کے ساتھ بد سلوکی کی جا رہی ہے تو یہ بہت ضروری ہے کہ آپ اس کے ڈر کو سنجیدگی سے لیں چاہے آپ کے خیال میں اس کا موجودہ یا سابقہ ساتھی بظاہر ایک پرکشش، مہربان یا اچھا شخص ہی کیوں نہ لگتا ہو۔ خاندانی اور گھریلو تشدد کا ارتکاب کرنے والے لوگ دوسروں کے سامنے اپنے آپ کو مثبت طریقے سے پیش کرنے میں بڑی مہارت رکھتے ہیں۔ یہ ان کے استحصال والے رویے کے سلسلے کی ایک کڑی ہو سکتی ہے۔
آپ ان طریقوں سے اپنے رشتہ دار یا دوست کی مدد کر سکتے ہیں:
ان کے خوف کو سنجیدگی سے لیں۔
-
تشدد کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں۔ بد سلوکی یا تشدد کا شکار ہونے والے شخص کو ذمہ دار نہ ٹھہرائیں یا استحصال کرنے والے کی ذمہ داری کو گھٹانے کی کوشش نہ کریں۔
-
ایک متشدد ساتھی سے علیحدگی اختیار کرنے کئی رکاوٹوں، مشکل فیصلوں اور حقیقی خطرات اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے – جیسا کہ تشدد میں شدت، بے گھر ہونا اور تنگ دستی ۔ ہو سکتا ہے کہ تشدد کا شکار/بچ جانے والا شخص علیحدہ ہونے کے لیے تیار نہ ہو یا اس کے لیے چھوڑ کر جانا محفوظ نہ ہو۔
-
یاد رکھیں کہ گھر اور خاندان میں ہونے والے تشدد میں جسمانی بدسلوکی کے علاوہ اور چیزیں بھی شامل ہیں۔ ایسا کرنے والا حقارت آمیز الفاظ اور جذباتی بدسلوکی کے ذریعے دوسروں کی خود اعتمادی کو نشانہ بناتا ہے اور ان کو 'پیس کر رکھ دینا' چاہتا ہے۔ ان کی ہمت اور برداشت کو سراہیں جس سے انہوں نے اپنی اور اپنے بچوں کی حفاظت کی ہے۔
-
محفوظ رہنے کے طریقوں کا انتخاب کرنے میں ان کی مدد کریں، چاہیے وہ زیادتی کرنے والے کے ساتھ رہنا چاہیں یا اسے چھوڑنا چاہیں۔ حفاظتی منصوبے والا صفحہ ملاحظہ کریں۔
-
ٹرانسپورٹ مہیا کر کے، ملاقاتوں پر لے جا کر، بچوں کا خیال رکھ کر اور فرار کی صورت میں ٹھکانہ مہیا کر کے ان کی عملی طور پر مدد کریں۔ گھر اور خاندان میں ہونے والے تشدد سے متعلق سروسز کے متعلق معلومات حاصل کریں اور ان سے ملاقات کا وقت طے کرنے میں ان کی مدد کریں۔
-
تشدد دیکھنے سے تمام اہل خانہ متاثر ہوتے ہیں۔ اگر اس میں بچے شامل ہیں تو ان کو یہ احساس دلائیں کہ آپ ان کا دھیان رکھ سکتے ہیں اور ان کو سہارا دے سکتے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ اپنے علاقے میں کسی چائلڈ اینڈ فیملی سروس سے مطلوبہ مدد طلب کریں [links]
-
اپنی ریاست/ٹیریٹری میں دستیاب پروٹیکشن آرڈرز (عدالت کی جانب سے حفاظتی حکمناموں) کے بارے میں بات کریں۔
یاد رکھیں گھر اور خاندان میں ہونے والا تشدد خطرناک بھی ثابت ہو سکتا ہے۔ اگر آپ کے رشتے دار یا دوست یا اس کے بچوں کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے یا آپ کو ان پر حملہ ہونے کا خوف ہے تو 000 پر ٹیلیفون کریں۔
اگر آپ مدد کرنے کے طریقوں کے بارے میں مزید جاننا چاہتے ہیں تو:
-
دیکھیں گھریلو اور خاندانی جھگڑوں اور جنسی زیادتیوں کے متعلق انٹرنیٹ ذرائع انگریزی میں ۔
-
اپنی ریاست یا ٹیریٹری میں مدد کے مقامات تلاش کرنے کے لیے نقشہ برائے خدمات انگریزی میں ملاحظہ کریں۔
-
1800RESPECTمیں کسی مشاورت کار سے فون پر بات کرنے کے لیے 1800 737 732 پر کال کریں۔
فوری خطرے کی صورت میں پولیس کی مدد حاصل کرنے کے لیے 000 پر کال کریں۔
TTY یا نیشنل ریلے سروس کا استعمال کر کے ایمرجنسی کال کرنے کے لیے دیکھیں Calls to emergency services
جنسی زیادتی سے کیا مراد ہے؟
جنسی زیادتی کو سمجھنے سے ہمیں اس سے نمٹنے میں مدد ملتی ہے۔
Developed with: Domestic Violence Resource Centre Victoria